عمران خان کے بیان پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ردعمل
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہونے کی صورت میں ساٹھ روز کی آئینی مدت کے اندر الیکشن کرادیئے جائیں گے۔
سحر نیوز پاکستان: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل ہونے کی صورت میں قومی اسمبلی کے انتخابات نہیں کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا یہ بیان حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے صوبائی اسمبلیوں سے اپنی پارٹی کے ارکان سے مستعفی ہونے کی بات کہی تھی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جتنے بھی اراکین مستعفی ہوں گے، ان کی نشستوں پر ساٹھ روز میں ضمنی انتخابات کرا دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ دنوں راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کی حکومت ہے جبکہ ان کی جماعت کے ارکان، قومی اسمبلی سے پہلے ہی استعفے دے چکے ہیں۔
اکثر قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے سے سیاسی بحران پیدا ہوسکتا ہے مگر عام انتخابات کرانے کا جواز پیدا نہیں ہوگا اور وفاقی حکومت بدستور کام کرتی رہے گی۔