Dec ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۹:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے نئے آرمی چیف نے اپنے ارادے ظاہر کر دیئے

پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی بھی غلط فہمی کا نتیجہ غلط مہم جوئی کا باعث بنتا ہے اور اگر دشمن نے کبھی جنگ مسلط کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔

سحر نیوز/ پاکستان: لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر میں فرنٹ لائن دستوں سے ملاقات اور ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ کے بعد انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ہندوستان کی لیڈرشپ کی جانب سے  گلگت بلتستان اور کشمیر پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات سامنے آئے ہیں۔

پاکستان کے آرمی چیف نے کہا کہ میں واضح کر دوں کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنی مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہے، ہندوستان اپنے مذموم عزائم کو کبھی حاصل نہیں کر سکے گا اور دنیا نے کشمیری عوام سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق وعدہ کیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان کے آرمی چیف نے افسران اور سپاہیوں سے بات چیت کی اور مشکل حالات میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ قابلیت اور جنگی تیاری کو سراہا۔ 

ٹیگس