نوازشریف نے واپسی کا فیصلہ کرلیا، پارٹی ذرائع
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے وطن واپسی کا سگنل دے دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا نے مسلم لیگ ن کے انتہائی قابل اعتماد ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ انتخابات سے قبل میاں نواز شریف کی واپسی کا پروگرام طے ہوچکا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ اگر پی ٹی آئی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اسمبلیاں تحلیل کردے تو آئین کے مطابق نوے دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں ۔ مسلم لیگ نون کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صوبائی انتخابات کی مہم نواز شریف خود چلائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وطن واپسی کے سلسلے میں اپنے وکیلوں سے مشاورت بھی مکمل کرلی۔
شریف فیملی کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے ان ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح پر یہ فیصلہ ہوا ہے کہ میاں نواز شریف اب خود کو ملکی سیاست سے دور نہیں رکھیں گے اور براہ راست اپنی پارٹی اور حامیوں کی اگلے الیکشن میں رہنمائی کریں گے۔