پاکستان کی موجودہ حکومت پر عمران خان کا ایک اور حملہ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے موجودہ حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حکومت کو مزید وقت دینا ملکی معیشت کے ساتھ ظلم ہوگا ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے صوبہ پنجاب کے بعض اضلاع کے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کہا کہ موجودہ حکومت کو اس سے زیادہ وقت دینا ملک کی معیشت کے ساتھ زیادتی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت معیشت اور ملک کو سنبھالنے میں ناکام رہی ہے - انہوں نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں ۔
عمران خان نے کہا کہ پارٹی کو عام انتخابات سے قبل مزید متحرک کیا جائے - اس ملاقات میں پی ٹی آئی کے ارکان نے بھی کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل شفاف اور جلد انتخابات ہیں -
واضح رہے کہ عمران خان نے راولپنڈی اجلاس میں پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی نے اسمبلیوں سے استعفے دینے اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے - دوسری جانب پی ڈی ایم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تحریک عدم اعتماد لانے کی بات کررہی ہے ۔