Dec ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۷:۱۷ Asia/Tehran
  • سفارت خانے پر حملے کے ذمہ داروں کو قانون کے حوالے کیا جائے: اسلام آباد

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کابل میں اسلام آباد کے سفارت خانے پر حملہ کرنے والے عناصر کی شناخت و گرفتاری کے لئے تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا ہے کہ اسلام آباد افغانستان میں پاکستان کے سفارت خانے پر حملے کی تحقیقات کا عمل مسلسل آگے بڑھا رہا ہے اور اُس کا مطالبہ ہے کہ ذمہ دار عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے حوالے کیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان، دہشت گردی کے خلاف مہم کا مکمل پابند ہے۔

اس سلسلے میں افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان سیکورٹی اہلکاروں نے پاکستان کے سفارت خانے پر حملہ کرنے والے ایک ذمہ دار شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس ترجمان نے کہا ہے کہ گرفتار شدہ شخص غیر ملکی اور داعش دہشت گرد گروہ سے تعلق رکھتا ہے۔

طالبان انتظامیہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے سفارت خانے پر حملے کا مقصد افغانستان اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچانا تھا۔

داعش دہشت گرد گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

واضح رہے کہ دو دسمبر کو کابل میں ہونے والے اس حملے میں پاکستان کے ناظم الامور بال بال بچ گئے تھے تاہم سفارت خانے کا ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔

ٹیگس