Dec ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۲:۲۰ Asia/Tehran
  • یونیسیف پاکستان کے سیلاب متاثرین کو بیس لاکھ مچھر دانیاں فراہم کرے گی

ہندوستان سے مچھردانیوں کی فراہمی میں تعطل کے بعد یونیسیف نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کو مچھروں اور ملیریا سے بچاؤ کےلئے بیس لاکھ مچھردانیاں فراہم کرے گی۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کو ملیریا سے بچاؤ کےلئے بیس لاکھ مچھردانیوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے جو صوبہ سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ اضلاع کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی۔

قومی شعبۂ صحت کے ایک نمائندے نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونیسف کے حوالے سے بتایا: یونیسیف نے باضابطہ طور پر ہمیں اطلاع دی ہے کہ انہوں نے چین سے ایک ملین مچھردانیوں کی خرید کا حکم دے دیا ہے جو اگلے چند ہفتوں میں مل جائے گا۔ یہ مچھردانیاں سکھر، دادو، سندھ کے دوسرے اضلاع سمیت بلوچستان کے نصیرآباد ضلعے کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی۔

سیلاب کے بعد سندھ اور بلوچستان کے 32 اضلاع میں ملیریا کی وباء پھیل گئی ہے جس سے ان اضلاع کے ہزاروں افراد ملیریا کے مرض میں مبتلا ہوئے ہیں۔ حکومت پاکستان نے نیشنل ہیلتھ سروسز اور وزارت تجارت کی منظوری کے باوجود گلوبل فنڈ کو ہندوستان سے 62 لاکھ مچھردانیوں کی خرید میں چھوٹ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکومت سیلاب متاثرین کی امداد کےلئے عالمی اداروں جیسے ڈبلیو ایچ او، یونیسف اور دوسرے دوست ممالک کی امداد کی منتظر ہے تاکہ سیلاب متاثرین میں پھیلتی بیماریوں کی روک تھام کی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق یونیسف نے ملیریا سے بچاؤ کی ادویات، ملیریا کی تشخیص کی کٹ بھی بہت بڑی مقدار میں پاکستان کو فراہم کی ہیں۔

ٹیگس