Dec ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان نے امریکی دعووں کو مسترد کر دیا

پاکستان کے دفتر خارجہ نے امریکی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی بھی پناہ گاہ موجود نہیں ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے جمعے کے روز امریکہ کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کے بعض ممالک دہشت گردی کی حمایت میں ملوث ہیں اور اس مصیبت کی ذمہ دار طاقتوں کے خلاف اقدام کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے تمام صوبوں بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو تحریک طالبان، جماعت الاحرار اور سپاہ صحابہ جیسے دہشت گرد گروہوں کے بہیمانہ اقدامات کا سامنا رہا ہے۔

پاکستان کی فوج نے بھی ان تنظیموں کے مقابلے کے لئے متعدد کارروائیاں انجام دی ہیں۔ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ افغانستان میں امریکہ کی شکست کے بعد اسلام آباد اور کابل کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور امریکہ ان اختلافات کو مزید ہوا دینے کے لئے ان دہشت گردوں کو استعمال کر رہا ہے۔

ٹیگس