پاکستان؛ پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کا فارم ہاوس سیل
سی ڈی اے نے ہفتہ کے دن اسلام آباد میں قائم اعظم سواتی کا فارم ہاؤس بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر سیل کر دیا ہے۔ اعظم سواتی کو فوج کے خلاف ٹوئیٹ کرنے پر ایک ماہ قبل گرفتار کیا گیا تھا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سی ڈی اے نے اسلام آباد میں قائم سینٹر اعظم سواتی کا فارم ہاوس بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا ہے۔
سی ڈی اے اتھارٹی کے مطابق یہ فارم ہاؤس 25 مارچ 2014ء کو اعظم سواتی کی اہلیہ طاہرہ سواتی کے نام منتقل کیا گیا تھا اور اس کے بلڈنگ پلان کی منظوری 7مئ 2015ء کو دی گئی تھی۔ سی ڈے اے کے مطابق اس بلڈنگ پلان میں تہ خانہ کی منظوری نہیں دی گئی تھی اور اس حوالے سے پہلا نوٹس 2016ء میں دیا گیا تھا، اس کے علاوہ 2018ء میں بھی ایک نوٹس مالکان کو دیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا اور گھٹیا زبان استعمال کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا جنہیں گزشتہ ہفتے اسلام آباد سے کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا جہاں پر بلوچستان ہائی کورٹ نے ان پر درج تمام مقدمات کے اخراج کا حکم دیا تھا جس کے بعد انہیں سندھ پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
سندھ ہائی کورٹ نے سواتی کے خلاف صوبہ سندھ میں ایک جیسے مقدمات کے اندارج کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر سندھ پولیس، ایف آئی اے اور دوسرے متعلقہ افراد کو گزشتہ روز نوٹس جاری کیا تھا۔ جسٹس محمد کریم خان آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پولیس سے کیس کی تفصیلات اگلی سماعت تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔