Dec ۱۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سلسلے میں اقوام متحدہ کا عالمی برادری کو انتباہ

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی خوراک کی امداد جنوری میں ختم ہو جائے گی اور عالمی برادری سے پر زور اپیل کے باوجود صرف ایک تہائی امداد ہی موصول ہوئی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق پاکستان کے لیے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی خوراک کی امداد جنوری تک ختم ہوجائےگی۔

خیال رہے کہ رواں برس پاکستان میں مسلسل بارشوں کے بعد تباہ کن سیلاب آیا تھا جس کی وجہ سے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آگیا جبکہ ایک ہزار سات سو افراد جاں بحق ہوئے اور بیس لاکھ سے زائد گھر شدید متاثر ہوئے

۔پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد اقوام متحدہ نے مالی امداد کے لیے اکیاسی کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر کی اپیل کی تھی مگر عالمی عطیہ دہندگان کی طرف سے متعلقہ این جی اوز اور متعلقہ اداروں کو صرف چھبیس کروڑ بیس لاکھ ڈالر ہی موصول ہوئے ہیں۔

پاکستان میں اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر کرس کائے نے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے پاس پاکستان کے لیے فنڈز پندرہ جنوری کو ختم ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہمیں لازمی تعاون نہ ملا تو ہم دوہزار تیئیس کے دوران بڑے اور شدید بحران کے قریب ہوں گے۔

پاکستان میں بدترین سیلاب سے تقریباً اسی لاکھ سے نوے لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔

ٹیگس