سابق آرمی چیف پرعمران خان کا ایک اور حملہ
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر سابق آرمی چیف پر زبانی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری حکومت گرانے کے واحد ذمہ دار جنرل ریٹائرڈ باجوہ ہیں ۔
سحر نیوز/ پاکستان: غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستان کے وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی دو آزاد جماعتیں ہیں اور ق لیگ کی جنرل باجوہ کے تعلق سے اپنی پالیسی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی یہ سمجھتی ہےکہ موجودہ حالات کے ذمہ دار جنرل ریٹائرڈ قمرجاوجود باجوہ ہیں - انہوں نے ایک سوال کے جوب میں کہا کہ امریکا میری حکومت گرانے میں کتنا ذمہ دار ہے اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا اسی لئے سائفر کی انکوائری چاہتا ہوں - انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب جنرل باجوہ کے کنٹرول میں تھا اور میری مخالفت کے باوجود انہوں نے سب کو این آر او دیا ۔
عمران خان نے اسمبلیاں توڑنے کے حوالے سے کہا کہ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے لکھ کر مجھے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس دے دی ہے جمعے کو یہ ایڈوائس گورنر کو بھیج دوں گا -
عمران خان اپنی حکومت کو گرانے کا واحد ذمہ دار سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کو ایک ایسے وقت قرار دے رہے ہیں جب اس سے پہلے وہ بارہا عوامی جلسوں میں اپنی حکومت کو گرانے کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے چکے ہیں اور کہتے رہے ہیں کہ ان کی حکومت بیرونی سازش کے نتیجے میں گری ہے۔