حکومت کے ساتھ روابط باہمی احترام پر مبنی ہیں، صدر پاکستان عارف علوی
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اتحادی حکومت کے ساتھ اپنے روابط کو باہمی احترام پر مبنی قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بحثیت صدر مملکت اپنی ایک سالہ کارکردگی کے بارے میں ایک مختصر دستاویزی فلم جاری کی ہے۔
اس فلم میں انھوں نے ملک کی موجودہ اتحادی حکومت کے ساتھ اپنے روابط کے بارے میں کہا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ اپنے ورکنگ ریلیشن شپ سے لطف اندوز ہوئے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اور وزیراعظم شہباز شریف دونوں ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔
ڈاکٹرعارف علوی نے اسی کے ساتھ بعض امور پر اتحادی حکومت کے ساتھ اختلافات کے بارے میں کہا کہ حکومت کی طرف سے قانون سازی کے مختلف حصے ان کے دفتر کو دستخط کے لئے بھیجے گئے ان میں سے بعض بلوں کو انھوں نے دستخط کئے بغیر واپس بھیج دیئے ہیں۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی اس مختصر دستاویزی فلم میں بریسٹ کینسر، خواتین کے حقوق، معذور افراد کے حقوق، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت میں انقلاب اور ملک کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے جاری مہمات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
صدرپاکستان نے کہا ہے کہ انھوں نے حکومت کی تبدیلی کے بعد ملک کو پولرائزیشن کے بحران، مستقبل میں بات چیت کے فقدان اور نازک شکل اختیار کر جانے والے مینڈیٹ کے مسئلے سے نکالنے کی کوشش کی۔
حقوق نسواں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی نے خواتین کے وراثتی حقوق کی بھرپور حمایت کی اور مختلف تکنیکی شعبوں میں خواتین کی مہارت کی وکالت کی۔
صدر پاکستان نے کہا کہ خواتین کو ہراسگی سے پاک ماحول فراہم کرنا معاشرے کی ذمہ داری ہے۔
انھوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی ملک کی ترقی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
یاد رہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے ۔ بعض حلقوں کی جانب سے ان پر پی ٹی آئی کے حق میں جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے ۔