Jan ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ سے قریب کرنے کیلئے شیخ رشید سرگرم

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ان دنوں اسٹیبلشمنٹ پر برس رہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز دعویٰ کیا کہ وزیرآباد واقعے میں وہ لوگ ملوث ہیں جنہیں ہم اپنا اور ملک کا محافظ سمجھتے ہیں اور یہ بہت طاقتور ہیں۔

سحر نیوز/پاکستان: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، میری خواہش ہے کہ عمران خان کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ کا رابطہ ہو۔

زمان پارک میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ آج عمران خان سے 20 منٹ ملاقات رہی ہے، ملاقات میں معاشی تباہی کے حالات پر بات چیت ہوئی، موجودہ صورتحال میں اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں نہیں ہوں اور نہ ہی ان کی طرف سے کوئی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ دنیا کی کوئی طاقت الیکشن کا راستہ نہیں روک سکتی، پی ڈی ایم کو پتہ ہے ان کو ووٹ نہیں ملنے والا، جس طرح پڑوسی ملکوں کے ساتھ وزیر خارجہ گفتگو کر رہے ہیں اسی طرح کی وزیر داخلہ کر رہے ہیں۔

پاکستان کے سابق وزیر نے مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غریب مر گیا ہے، آٹا، گھی کچھ نہیں مل رہا، عمران خان کو قوم کی فکر ہے، وہ خیبرپختونخوا اور پنجاب دونوں اسمبلیاں توڑنے جا رہا ہے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف نے بھی نیول ہیڈ کوارٹر میں کہا کہ پاکستان سنگین صورتحال سے گزر رہا ہے، اس لیے میں الیکشن ہوتے دیکھ رہا ہوں، کل لال حویلی سے 3 بجے مہنگائی کے خلاف ریلی نکالوں گا۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وزیرآباد واقعے میں وہ لوگ ملوث ہیں جنہیں ہم اپنا اور ملک کا محافظ سمجھتے ہیں۔

ٹیگس