Jan ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
  • سی ڈی آپریشن میں چار دہشت گرد ہلاک, ایک پولیس اہلکار جاں بحق

بنوں میں ایک پولیس وین پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ایک کانسٹیبل جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا جب کہ لکی مروت میں پولیس اور مقامی دیہات کے افراد نے پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والا حملہ ناکام بنا دیا۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ایک انٹیلی جنس آپریشن کے دوران پشاور کے سربندعلاقے میں چارمشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بنوں کے علاقے دومیل میں ایک پولیس وین گشت کے دوران دہشت گردوں کے بم اور فائرنگ حملوں کی زد میں آگئی۔

پولیس وین معمول کے گشت کے دوران پولیس نے دو مشکوک موٹرسائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر انہوں نے پولیس وین پر فائرنگ شروع کر دی اور ایک ہینڈ گرینڈ پولیس وین کی طرف پھینکا۔ اسکے بعد دہشت گرد ڈوگر عمرزئی کے علاقے میں داخل ہو گئے اور وہاں ایک گھر میں گھس میں اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔

پولیس کے پہنچنے پر دہشت گردوں نے ہینڈگرنیڈ پھینکا جس سے ہیڈکانسٹیبل پشم خان جاں بحق اور دوسرا کانسٹیبل شاہ ولی خان زخمی ہوگیا۔پولیس کی جوابی فائرنگ کے باوجود دہشت گرد وہاں سے بھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکی مروت میں دہشت گردوں نے ایک پولیس پوسٹ پر حملہ کرنے کی  کوشش کی جسے پولیس اور مقامی دیہات کے باشندوں نے ناکام بنادیا۔ دہشت گردوں نے اس حملے میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں اور راکٹوں کا بھی استعمال کیا۔ فائرنگ کی آواز سن کر آدھی رات کو مقامی دیہات کے افراد ہتھیار اٹھا کر پولیس کی مدد کو آن پہنچے اور دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاقے سنگو سربند میں سی ٹی ڈی نے ایک انٹیلی جنس آپریشن کی بنیاد پر چار مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق جیسے ہی پولیس اہلکار دہشت گردوں کے ٹھکانے کے قریب پہنچے تو دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔ سرچ اور کلیرنس آپریشن میں پولیس نے چار دہشتگردوں کو مرا ہوا پایا جن کے قبضے سے ہتھیار اور ہینڈ گرینڈ پولیس نے اپنے قبضے میں لے لئے۔

ٹیگس