Jan ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کو سولہ کروڑ ڈالر امداد کی فوری ضرورت ہے، شہباز شریف

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے عالمی برادری سے تیس ارب ڈالر کی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لئے جنیوا میں ہونے والی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے دوست ممالک کی جانب سے تعاون پر شکر گزار ہیں لیکن بحالی اور تعمیر نو کی سرگرمیاں ابھی ختم نہیں ہوئیں ۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر، جبکہ اسّی لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور سندھ اور بلوچستان کے کچھ اضلاع میں اب بھی سیلاب کا پانی جمع ہے۔ پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ اکتوبر میں ہم نے اپنے شراکت داروں کے ساتھ سیلاب کے نقصانات کا جو تخمینہ لگایا تھا وہ اب تیس ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا شکوہ کیا کہ بحران سے نکلنے کے لیے فنڈنگ کا گیپ بہت زیادہ ہے اور ہمیں تعمیر نو کے لیے فوری طور پر سولہ ارب تیس کروڑ ڈالر کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نےمزید کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے کئی برس تک عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔

واضح رہے کہ جنیوا میں جاری اس کانفرنس سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترس اور فرانس کے صدر امانوئیل میکرون کے علاوہ متعدد ملکوں اعلی عہداروں نے بھی خطاب کیا اور پاکستان کو امداد دینے کا اعلان کیا۔

ٹیگس