Jan ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۹:۰۲ Asia/Tehran
  • بلاتاخیر انتخابات کرائے جائیں: عمران خان کا مطالبہ

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملک میں بلاتاخیر انتخابات کرائے جانے کی ضرورت پر زور دیاہے۔

سحرنیوز/پاکستان: صوبہ پنجاب میں نگراں حکومت کے قیام کے بارے میں  پارلیمانی کمیٹی کے ارکان  کے  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا کسی طور متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو مزید خرابیوں کی اجازت دیناحماقت ہوگی۔  لہذا نگراں حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضا سنجیدگی سے پورا کر کے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا بلا تاخیر حق دیا جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک جس حساس صورتحال سے گزر رہا ہے اس میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کی شفافیت کو خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان اقتدار سے محرومی کے بعد سے ملک میں عام انتخابات کرانے جانے پر زور دے رہے رہیں اور اب انہوں نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے دو صوبوں میں اپنی پارٹی کی حکومتیں بھی تحلیل کردی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت والی حکومت کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال کے دوران انتخابات کا انعقاد مناسب نہیں ہے کیونکہ اس سے ملکی خزانے پر غیر ضروری بوجھ پڑے گا۔ 

ٹیگس