پاکستان تحریک انصاف کا اسپیکر ہاؤس پر دھرنا
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے پارلیمنٹ کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہ ملنے پر اسپیکر ہاؤس کے باہر دھرنا دے دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے دھرنے کے باعث منسٹر انکلیو جانے والا راستہ بند ہو گیا ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی اراکین نے کہا کہ اسپیکر ہاؤس کے بعد ارکان قومی اسمبلی الیکشن کمیشن بھی جائیں گے اور چیف الیکشن کمشنر کو اپنے استعفوں کی واپسی سے انہیں آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 44 اراکین اپنے استعفے واپس لینے کے فیصلے کا اعلان کرنے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو ان کے لئے دروازے بند کر دیئے گئے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کی قیادت میں پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی پہنچے تھے۔
اس موقع پر عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سیکریٹری قومی اسمبلی یا اسپیکر ہم سے ملاقات کریں تاکہ ہم استعفے واپس لیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو استعفے قبول نہ کرنے کے لیے درخواست پہلے ہی ایل میل کے ذریعے ارسال کردی تھی۔
اس سے پہلے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے بتایا تھا کہ چونکہ اسپیکر قومی اسمبلی استعفے منظور نہیں کررہے ہیں اس لئے استعفی دینے والے اراکین نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی ہدایت پر چوالیس اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو ای میل کے ذریعے اطلاع دے دی گئی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بیس جنوری کو پی ٹی آئی کے پینتیس اراکین کے استعفے منظور کئے تھے جبکہ اس سے پہلے سترہ جنوری کو چونتیس اراکین کے استعفے منظور کرچکے تھے اور گیارہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفے جولائی دو ہزار بائیس میں ہی منظور کرلئے گئے تھے۔
اب تک مجموعی طور پر پاکستان کی قومی اسمبلی کی رکنیت سے شیخ رشید سمیت پی ٹی آئی کے اناسی اراکین کے استعفے منظور کئے جاچکے ہیں ۔