Jan ۲۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری گرفتار، عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری گرفتار ہو گئے جبکہ عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پولیس نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے گرفتار کرلیا، انہیں مبینہ طور پر تھانہ کوہسار اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے بیان پر درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر گزشتہ رات فواد چوہدری پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ لاہور سے لیا جائیگا اور انہیں آج ہی اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا کہ رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے گرفتار کرلیا، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔

رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب نے فواد چوہدری کو گرفتار کرنے والوں کی گاڑیوں کی ویڈیوز بھی ٹوئٹر پر شئیر کردیں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے رات 2 بجے عمران خان کی گرفتاری کے خدشہ کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد زمان پارک میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔

ٹیگس