Jan ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں گرا پھر پیٹرول بم، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان پر پہنچیں

وفاقی وزیر خرانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھا دیں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 35 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

 پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، پٹرول میں 50 روپے تک اضافے کی خبریں سامنے آ رہی تھی جس میں کوئی حقیقت نہیں، ذخیرہ اندوزی کے باعث پٹرول کی قلت کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔ قبل ازیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35، 35 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بھی 18، 18 روپے بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو کچل ڈالا، پٹرول، گیس، بجلی اور ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں مہنگائی 35 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔

اپنے ٹویٹ میں عمران خان نے دعوی کہ کرپٹ اور نااہل امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں معیشت کی بدانتظامی کا یہ عالم ہے کہ اس نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں تازہ اضافے اور ڈالر کو 262.6 روپے پر پہنچا کرعوام اور تنخواہ دار طبقے کو کچل ڈالا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب 200 ارب کے منی بجٹ کے ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور 35 فیصد کی غیرمعمولی مہنگائی متوقع ہے۔

ٹیگس