Jan ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۰:۳۰ Asia/Tehran
  • عرب امارات کے صدر چار دن سیر و تفریح کے بعد اسلام آباد آئے بنا واپس لوٹ گئے

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید ال نہیان نے چار دن پاکستان میں گزارنے کے بعد اسلام آباد کا ایک روزہ دورہ منسوخ کر دیا۔

سحر نیوز/پاکستان: شیخ محمد بن زید ال نہیان کے دورے کی منسوخی کی واضح وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ آئی جی اسلام آباد و سکیورٹی ڈویژن نے نفری ہٹادی اور اسلام آباد کی تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئیں۔

ان کے دورے کے پیش نظر آج اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان کے دورے کی تمام تیاری مکمل تھی۔ انہیں جے ایف 17 طیاروں کے حفاظتی حصار میں پی اے ایف نور خان ائر بیس پہنچنا تھا جہاں 21 توپوں کی سلامی دی جانی تھی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے اہم اراکین ان کے استقبال کے لیے تیار تھے مگر سبھی کچھ دھرا کا دھرا رہ گیا۔

حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ موسم خرابی کے باعث متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کا دورۂ پاکستان ملتوی ہو گیا۔

ایک بیان میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کو آج اسلام آباد کے دورے پر پہنچنا تھا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کا دورۂ پاکستان ری شیڈول ہو گا۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر آج ایک روزہ دورے پر وفاقی دارالحکومت پہنچ رہے تھے جہاں ان کے خیر مقدمی بینرز آویزاں کیے جانے کے علاوہ عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شیخ محمد بن زید ال نہیان 25 جنوری کو نجی دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان کے ہوائی اڈے پران کا استقبال کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان رحیم یار خان میں ملاقات بھی ہوئی تھی جہاں شیخ محمد بن زید ال نہیان کا مکان ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رحیم یارخان اور اس کا قرب وجوار، وہی علاقہ ہے جہاں ہر سال عرب دنیا کے مالدار شہزادے خوبصورت اور نایاب پرندے تلور کا شکار کھیلنے اور اپنی دیگر من پسند تفریحات کے لئے بڑی تعداد میں پہنچتے ہیں۔ 

ایک رپورٹ کے مطابق پندرہ لاکھ سے زائد پاکستانی، متحدہ عرب امارات میں رہتے یا کام کرتے ہیں اور پاکستان اور عرب امارات کے درمیان گہرے اقتصادی رشتے قائم ہیں۔ اوور سیز پاکستانیوں کی تیسری سب سے بڑی تعداد عرب امارات میں قیام پذیر ہے۔

ٹیگس