انکار کے بعد پی ٹی آئی کا وزیراعظم کی اے پی سی میں شرکت پرغور
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کے بعد، اب اس کانفرنس میں شرکت کے بارے میں پر غور شروع کر دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹوں میں تحریک انصاف کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے مشورہ دیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو پارٹی کا نمائندہ نامزد کردیا جائے۔ مذکورہ دونوں رہنما، اس وقت مختلف مقدمات کے تحت پولیس کی تحویل میں ہیں۔
اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے اس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں پر، مسلسل مقدمات عائد کئے جارہے ہیں اور انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔ ایسے میں، اے پی سی، میں جانے اور شرکت کرنے کا کوئی مطلب نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعوتنامہ حکومت کا ایک ہتھکنڈہ ہے جو عوام میں خود کو صاف ستھری شبیہ والا پیش کرنا چاہتی ہے۔