سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ متعدد ہلاک
شمالی وزیرستان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں زیر حراست 3 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ٹیم نے خود پر حملہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق شمالی وزیرستان کی آپریشن ٹیم انتہائی اہم ملزمان کو میران شاہ سے بنوں لے جارہی تھی کہ راستے میں تھانہ میر علی بائی پاس کے قریب دہشت گردوں نے اچانک اہلکاروں پراندھا دھند فائرنگ شروع کردی جبکہ ہینڈ گرینڈ بھی پھینکے، جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر بھاگ نکلے ۔
پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ہلاک شدہ دہشتگرد محکمہ انسداد دہشتگردی بنوں کو متعدد سنگین دہشتگردی کے مقدمات میں مطلوب تھےاور سکیورٹی فورسز، پولیس پر حملوں، پولیس تھانہ کینٹ پر ہینڈ گرنیڈحملے اور کنسٹیبل افتخار کی ٹارگٹ کلنگ سمیت کئی دہشت گردی کے وقوعات میں ملوث تھے، چاروں ہلاک دہشتگردوں کاتعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف کمبائنڈ سرچ آپریشن جاری ہیں۔