عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر مزاحمت کیلئے پی ٹی آئی کارکنان زمان پارک میں جمع
پی ٹی آئی کارکنان مسلسل حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکڑوں کارکنان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر احتجاج سے متعلق ایک مقدمے میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی منسوخی کے بعد ان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے۔
دو روز قبل ایک انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے بعد ای سی پی کے باہر احتجاج کے کیس میں عدم پیشی پر عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
بعدازاں جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) نے بھی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان، بشمول خواتین اور بچے، زمان پارک میں جمع ہونا شروع ہو گئے تا کہ پولیس کی جانب سے اپنے پارٹی چیئرمین کو گرفتار کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اگر حکومت نے پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم سڑکوں پر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے گھر کے باہر بیٹھی تمام خواتین نے اپنی حفاظت کے لیے ڈنڈے اور لاٹھیاں اٹھا رکھی تھیں اور وہاں کی خواتین مجرم نہیں بلکہ معزز خاندانوں سے تعلق رکھتی تھیں۔
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا آسان نہیں ہوگا اور وہ ’جیل بھرو‘ تحریک بھی شروع کریں گے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد پہلے ہی زمان پارک میں سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر کے باہر کئی دنوں سے ڈیرے ڈالے ہوئے ہے جہاں ان کے رہنما اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں ہوئے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد سے قیام پذیر ہیں۔