دہشت گردوں کا سی ٹی ڈی پر حملہ، ٹی ٹی پی کمانڈرہلاک
کالعدم دہشت گرد جماعت ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ایک گشتی پارٹی پر میانوالی میں حملہ کی خبرہے جس میں دہشت گرد کمانڈرمارا گیا ہے۔
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات میانوالی میں کالعدم دہشت گرد گروہ تحریک طالبان کے دہشت گردوں نے پنجاب کے شعبہ انسداد دہشت گردی سی ٹی ڈی کی ایک گشتی پارٹی پر دھاوا بول دیا جس سے ٹی ٹی پی اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا اوریہ جھڑپ 20 منٹ تک جاری رہی۔
رپورٹ کے مطابق اس مقابلے میں دہشت گرد کمانڈر حبیب الرحمان ماراگیا جس کے قبضے سے کلاشنکوف، خودکش جیکٹ اورٹی ٹی پی کا تشہیراتی موادحکومتی اہلکاروں نے اپنے قبضے میں لے لیا جب کہ دو دہشت گرد فراد ہونے میں کامیاب ہوگئے اوراس حوالے سے سرگودھا میں دہشت گردوں کے خلاف ایف آئی آردرج کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب کے شعبہ انسداد دہشت گردی نے پولیس مقابلے میں ٹی ٹی پی کے ایک دہشت گرد کی ہلاکت اور مختلف شہروں سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 11دہشت گردوں کی گرفتاری کی خبربھی دی تھی.