Feb ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت

اسلام آباد بینکنگ کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت پر سماعت پچیس فروری تک ملتوی کردی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے سنیچر کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی عرضی پر سماعت کی ۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے اس تعلق سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے تحریری فیصلے کی کاپی عدالت میں جمع کرائی ۔ 
جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیر پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اس کیس میں بینکنگ کورٹ کو عمران خان کی ضمانت کے بارے میں کوئی فیصلہ دینے سے روک دیا ہے۔ 
اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے وکیل نے جو نکات اٹھائے ہیں وہ قابل توجہ ہیں بنابریں فی الحال فیصلہ روک دیا جائے ۔ 
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسی کے ساتھ آئندہ سماعت پر عمران خان کو اپنی تازہ میڈیکل رپورٹ پیش کرنےکا حکم بھی دیا ہے۔ 
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پندرہ فروری کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں، بینکنگ کورٹ کو بائیس فروری تک عمران خان کی ضمانت کے بارے میں کوئی فیصلہ دینے سے روک دیا تھا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنیچر کو تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔ 

ٹیگس