Feb ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • جیل بھرو تحریک: فیاض الحسن چوہان اور زلفی بخاری نے گرفتاری دے دی

جیل بھرو تحریک: فیاض الحسن چوہان اور زلفی بخاری سمیت پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گرفتاری دے دی

سحر نیوز/ پاکستان: راولپنڈی میں جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں فیاض الحسن چوہان اور زلفی بخاری نے رضاکارانہ طور پر گرفتاری دے دی۔

فیاض الحسن چوہان ریلی کی صورت میں کمیٹی چوک پہنچے، جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما ازخود قیدیوں کی وین میں جا کر بیٹھ گئے۔

اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے قیدی وین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گھر والوں کو کہا ہے کہ میری ضمانت نہ کرانا، نہ ہم ضمانتیں کرائیں گے نہ درخواستیں دیں گے۔

فیاض چوہان کے آنے کے بعد کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان بھی قیدی وین میں بیٹھنے لگے، فیاض الحسن چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے بھی گرفتاری دی۔

فیاض الحسن چوہان کی گرفتاری کے بعد سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید، پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور عامر کیانی بھی کمیٹی چوک پہنچ گئے۔ جبکہ شیخ رشید گرفتاری دینے کے بجائے کمیٹی چوک سے گاڑی میں روانہ ہو گئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت جنہوں نے پولیس کو رضاکارانہ طور پر جیل کے بھرو تحریک کے پہلے روز گرفتاری دی تھی، انہیں پنجاب کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ گزشتہ روز جیل بھرو تحریک کے دوسرے روز خیبرپختونخوا میں پارٹی کے کسی رہنما کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ٹیگس