Feb ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستانی حکومت نے شہریوں کی اسمگلنگ کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا

اٹلی کے ساحل کے قریب ایک کشتی حادثے میں اپنے تارک وطن شہریوں کی موت کے بعد پاکستانی حکومت نے شہریوں کی اسمگلنگ کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانی تارکین وطن کو غیرقانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے میں ملوث انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

گزشتہ روز اٹلی کے ساحل پر طوفان کا شکار ہونے کے بعد ڈوبنے والی ایک کشتی میں کم از کم باسٹھ افراد کی موت ہو گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے اکثر کا تعلق افغان اور پاکستانی تارکین وطن سے تھا جو خوشحال زندگی کی آرزو لئے یورپ پہنچنا چاہتے تھے۔

پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس معاملے کی تحقیقات اور جاں بحق افراد کو غیر قانونی طور پر ملک کے باہر بھیجنے والے اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بنا دی گئی ہیں اور ایجنسی نے مرنے والوں کے ورثا سے بھی رابطہ شروع کر دیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ کشتی پر دو درجن سے زائد پاکستانی شہری سوار تھے۔ ساتھ ہی انہوں نے واقعے کے حوالے سے اطلاعات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے دفتر خارجہ کو حقائق کی جانچ اور قوم کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ زندہ بچ جانے والوں کے درمیان سے ایک شخص کو اسمگلنگ کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

ٹیگس