سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد، عمران خان کا بڑا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے چئیرمین عمران خان نے جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: ٹوئٹر پربیان میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے کہا کہ کے پی اور پنجاب میں الیکشن سے متعلق از خود نوٹس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ آئین کو بحال رکھنا سپریم کورٹ کی ذمہ داری تھی جسے انہوں نے آج کے فیصلے سے بخوبی پورا کیا ہے۔ یہ پاکستان میں قانون کا نفاذ ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کو معطل کرتے ہوئے ہم اب خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابی مہم چلائیں گے۔
علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف کی زیرِصدارت اہم ترین اجلاس ہوا جس میں مرکزی قائدین اور پارٹی ترجمان شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کی سرکردگی میں عدلیہ اور ججز پر حملوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کیا اور وزیراعظم کی سرپرستی میں عدلیہ خصوصاً سپریم کورٹ کے ججز پر حملوں کی شدید مذمت کی۔
تحریک انصاف نے وفاقی حکومت خصوصاً وزیرِ قانون اور اٹارنی جنرل کی جانب سے عدالتی حکمنامے کی گمراہ کن تشریحات پر شدید ناگواری کا اظہار کیا اور الیکشن کمیشن سے آئین کی روح اور سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں 90 روز میں انتخابات کروانے کیلئے پنجاب و پختونخوا میں انتخابات کے فوری شیڈول کے اعلان کا مطالبہ کیا۔