مجھے جھوٹے مقدمات میں عدالت بلاکر قتل کرانے کی سازش تیار ہوئی ہے: عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میں اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکا اور نہ کارکنوں کو جھکنے دوں گا، یہ لوگ مجھے چھوٹے چھوٹے مقدمات میں عدالت طلب کرکے قتل کرانا چاہتے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: لاہور کے زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکا اور نہ اپنے کارکنوں کو جھکنے دوں گا، کارکنوں ںے جس طرح جیل بھرو تحریک میں شرکت کی، 26 سال کی تحریک میں آج جو کارکنوں کا جذبہ دیکھا اس پر اللہ کا شکر ادا کیا، جنون کو ایک قوم بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ جس قوم میں برائی سے لڑنے کی دلیری نہیں ہوتی وہ غلام بن جاتی ہے، کربلا میں کوفہ کے لوگوں کو معلوم تھا کہ حضرت امام حسین (ع) راہ حق پر ہیں مگر انہوں ںے یزید کے خوف سے اسلام کی تاریخ کا سب سے بڑا ظلم ہونے دیا، خوف کا بت اسلام کو غلام بنا دیتا ہے جس کی پوجا کرنے والے غلام بھی بنتے ہیں اور ذلیل بھی ہوتے ہیں، آج دنیا بھر میں پاکستان ذلیل ہورہا ہے، بھکاریوں کی طرح پیسہ مانگ رہا ہے لیکن نہیں مل رہا اس کی وجہ کرپٹ حکمران ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ زرداری اور شریف خاندان اگر اپنا پیسہ یہاں لے آئیں تو ملک کو بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، موجودہ حکومت میں ڈالر 100 روپے گرگیا، قوم نیچے آگئی اور ان کے سرمایے میں رکھا ڈالر مزید 100 روپے مہنگا ہوگیا۔
انہوں ںے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، اسحاق ڈار، مریم نواز پر کیسز میں نے نہیں بنائے، گزشتہ حکومتوں میں بنے یا پاناما میں نام آئے، یہ لوگ آج تک نہیں بتاسکے کہ ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟
عمران خان نے کہا کہ مجھ پر پہلے بھی قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے، یہ لوگ مجھے چھوٹے چھوٹے کیسز میں عدالتوں میں بلاکر راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں ۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وزارت داخلہ نے اب کہا ہے کہ میری جان خطرے میں ہے، میں تو کئی ماہ سے خود کہہ رہا ہوں کہ میری جان کو خطرہ لاحق ہے، چیف جسٹس سے کہتا ہوں کہ مضحکہ خیز مقدمات میں مجھے بلایا جارہا ہے، توشہ خانہ کیس کی عوامی سماعت ہو، ٹی وی پر دکھایا جائے کہ توشہ خانہ کیس آخر ہے کیا؟ توشہ خانہ میں زرداری اور نواز نے ڈاکا ڈالا اور ان کے کیسز ختم ہوگئے، میں چیلنج دیتا ہوں کہ اگر کوئی غیرقانونی کام ہے تو ثابت کرکے دکھائیں، اب تک مجھ پر اور میرے لوگوں پر 74 مقدمات بنائے جاچکے ہیں۔