شہباز حکومت پر عمران خان کےالزامات
سابق وزیراعظم پاکستان اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت مجھے گرفتار یا نااہل کرنے کے بعدالیکشن کرانا چاہتی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: زمان پارک لاہور میں اپنی رہائشگاہ میں سینیئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ عمران خان گرفتار ہو یا پھر نااہل قرار دیا جائے پھر اس کے بعد الیکشن کرایا جائے۔
عمران خان نے دعوی کیا کہ وہ مجھے گرفتار کریں یا نااہل قراردیں میچ ہم جیت چکے ہیں اور یہ زبردستی گراؤنڈ میں کھیل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ مجھ پر حملے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اب دفعہ ایک سوچوالیس ختم ہوگئی ہے اس لئےہم دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے اور جلد ہی انتخابی جلسے شروع کرنے جارہے ہیں۔ آرمی چیف سے ملاقات کی خواہش کی خبروں کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ میں نے کبھی ملاقات کے لئے پیغام نہیں بھیجا۔ ان کا کہنا تھا میں نے سوچا تھا کہ نیا آرمی چیف آئے گا تو تبدیلی آئے گی لیکن کوئی تبدیلی نہیں آئی بلکہ سختیاں بڑھ گئیں - عمران خان نے کہا کہ نوے روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین اور قانون نہیں رہے گا ۔