لاہور میں دفعہ ایک سو چوالیس الیکشن کمیشن میں چیلنج
Mar ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: لاہور میں دفعہ ایک سو چوالیس کے خاتمے کے لئے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کی طرف سے درخواست یاسمین راشد اور اسلم اقبال نےجمع کرائی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد دفعہ ایک سو چوالیس نافذ نہیں ہوسکتی لہذا لاہور میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ غیر قانونی ہے۔
درخواست میں دفعہ ایک سو چوالیس کے نوٹیفکیشن کو کالعدم اور اس کی آڑ میں پولیس کو غیر قانونی اقدام سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
دوسری طرف الیکشن آمد پر تحریک انصاف کے وکیل بابراعوان سے صحافیوں نے متعدد سوالات کئے۔
ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو تسلیم ہی نہیں کرتے اور آپ اسی الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرارہے ہیں ؟
اس سوال کے جواب میں بابر اعوان نےکہا کہ پی ٹی آئی، عمران خان اور ہم سب الیکشن کمیشن کو تسلیم کرتے ہیں لیکن اس کے جانبدارانہ اقدامات اور رویئے کو تسلیم نہیں کرتے۔
ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ عدالتوں میں جانا ہو تو عمران خان کہتے ہیں کہ جان کو خطرہ ہے کیا ریلی نکالنے میں جان کو خطرہ نہیں ہے ؟
بابر اعوان نے اس سوال کا کوئی جواب نہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ خطرہ ہے لیکن عمران خان کو سیکورٹی نہیں دیتی۔