عمران خان کی قیادت میں ریلی جاری
پاکستان میں حزب اختلاف کے رہنما عمران خان اپنی گرفتاری کے ناقابل ضمانت ورانٹ جاری ہونے کے باوجود لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت کر رہے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق لاہور میں زمان پارک سے نکلنے والی تحریک انصاف کی ریلی داتا دربار پہنچ گئی جہاں عمران خان نے گاڑی کے اندر سے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں میرا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو گیا۔
عمران خان نے بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر ریلی کی قیادت کی، ان کے ساتھ پارٹی کے دوسرے رہنما بھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی داتا دربار سے دوبارہ زمان پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔
عمران خان ایسے وقت میں اپنی پارٹی ریلی کی قیادت کر رہے ہیں جب پیر کے روز اسلام آباد کی مقامی عدالتوں نے مختلف کیسوں میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔
اسلام آباد کی سیشن عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے مقدمے کے ساتھ ہی توشہ خانہ کیس میں بھی عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی ہے۔
کہا جارہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ایک ٹیم عمران کو گرفتار کرنے کے لیے بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور پہنچی ہے تاہم پولیس ترجمان نے اس کی تردید کی ہے۔
اسلام آباد پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم پہلے ہی سے لاہور میں موجود ہے تاہم عمران خان کے خلاف کوئی اقدام افسران کی مشاورت کے بعد قانون کے مطابق کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس چند روز قبل توشہ خانہ کیس میں عدالت میں حاضر نہ ہونے پرعمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے لاہور پہنچی تھی لیکن انہیں گرفتار نہیں کرسکی تھی۔