حکومت پر پی ٹی آئی اور فوج میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کا الزام
پاکستان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت پر پی ٹی آئی اور فوج میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف اور فوج کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوجائیں ۔
انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ذاتی مفاد کے لئے ایک جماعت کو فوج سے ٹکرایا گیا ۔ عمران خان نے کہا کہ حکمراں یہ کوشش کررہے ہیں کہ ملک کے دو ادارے آپس میں ٹکرا جائیں ۔
عمران خان نے اسی کے ساتھ کہا کہ اگر حکومت نے الیکشن کےبارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی تو سب سڑکوں پر نکلیں گے۔
انھوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اب تک پاکستان کا انصاف کا نظام ہمیشہ طاقتور کے ساتھ کھڑا ہوتا رہا ہے۔
انھوں نے ایک بار پھر کہا کہ حکمراں اتحاد الیکشن سے خوفزدہ ہے اس لئے انتخابات نہیں کرانا چاہتا۔
عمران خان نے کہا کہ جب تک انتخابات نہیں ہوں گے ملک کے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت نے الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے اور دس دن کے اندرامیدواروں کو ٹکٹ دینا شروع ہوجائے گا۔