علی امین گنڈا پور ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
پاکستان کی ایک عدالت نے حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق علی امین گنڈا پور کو اتوار کے روز اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ وکیل سرکار نے علی امین گنڈا پور کے خلاف الزامات کی فہرست سناتے ہوئے عدالت سے پندرہ روز پولیس ریمانڈ کی اپیل کی تاہم عدالت نے ملزم کے وکلا کے دلائل کو تسلیم کرتے ہوئے صرف ایک روزہ ریمانڈ کی منظوری دی ۔
مذکورہ عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما کو پیر کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
علی امین گنڈا پور پر ایک الزام یہ ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال ایک ویڈیو وائرل کی تھی جس میں دھمکی دی تھی کہ اگر حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کیا تو اسلام آباد پر قبضہ کرلیا جائے گا ۔ ان پر اسلام آباد پولیس کو بھی دھمکانے الزام عائد کیا گیا ہے۔