الیکشن کمیشن کو پاکستانی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ
وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت والی مخلوط حکومت نے دو صوبوں میں انتخابات اور فنڈز کی فراہمی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹوں میں حکمران اتحاد کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہونے والے اجلاس کے دوران کابینہ کے بیشتر ارکان نے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ بھی پارلیمنٹ میں لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان کی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے گزشتہ دنوں الیکشن التوا کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے صوبہ پنجاب میں چودہ مئی کو الیکشن کرانے اور اس کے لئے ضروری فنڈز الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔
بعدازاں پاکستان کے حکمراں اتحاد نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف ایک متفقہ قرار داد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ، تین رکنی اقلیتی بینچ کے فیصلے کو پارلیمان مسترد کرتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کابینہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ بھی پارلیمنٹ میں لے جانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے جو فیصلہ کرے اسی پر عمل ہو گا۔