حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے: عمران خان کا دعوی
عمران خان نے مخلوط حکومت پر آئین کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ موجودہ حکومت کو نہ آئین کی فکر ہے اور نہ ہی قانون کی ۔ انھوں نے کہا کہ حکام انتخابات کرانے سے بھاگ رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین بچائے بغیر ملک کو نہیں بچایا جاسکتا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے انتخابات کے تعلق سے حکومت اور سپریم کورٹ میں تصادم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، اس حوالے سے عدالت عظمی کے ججوں کے اختلاف پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اتحاد ضروری ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کی تقسیم ملک کے لئے المیہ ہوگی ۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سینیٹ کے سابق چیئرمین سینٹیر رضا ربانی نے حالیہ بل کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کو آئین کے منافی قرار دیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیار کو نہ کم کیا جاسکتا ہے، نہ ہی اس میں مداخلت کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی کرتی ہے جسے شکست نہیں دی جاسکتی ۔
سینیٹر رضا ربانی نے پارلیمنٹ اور عدلیہ کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کے درمیان مذاکرات سے پہلے خود عدلیہ کے اندر ادارہ جاتی مذاکرات کی ضرورت ہے۔