وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں اتحادی رہنماؤں کا اجلاس
پاکستان میں حکومتی اتحاد کے رہنماؤں کا اجلاس، وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں منعقد ہوا۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات اور دیگر ملکی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے علاوہ ، دیگر جماعتوں کے اتحادی رہنما بھی شریک ہوئے جبکہ کابینہ کے متعدد وزرا اور ن لیگ کے بھی سینیئر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا اور اجلاس کے دوران سپریم کورٹ کی الیکشن فنڈز کے لئے ڈیڈ لائن سے متعلق قانونی ماہرین نے بریفنگ دی۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت ہوا ہے جب گذشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر حکومتی اتحاد کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اور اسٹبلشمنٹ بھی، حکومت کے ساتھ ہے تو پھر وہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے۔
عمران خان نے ایک بار پھر سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل باجوہ پر تنقید کی تھی۔