ایران و سعودی عرب علاقے میں ہمارے اہم شریک ہیں، پاکستان
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایران و سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کے عمل کی پیشرفت پر پاکستان کی جانب سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران و سعودی عرب علاقے میں ہمارے اہم شریک ممالک ہیں۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنی ہفتے وار پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس سمجھوتے کو علاقے کے مفاد میں سمجھتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران و سعودی عرب علاقے میں ہمارے اہم شریک ہیں اور اسلام آباد ان دونوں برادر ملکوں کے دو طرفہ معاملات کو آگے بڑھائے جانے کی حمایت اور ان ممالک کو مزید اقدامات عمل میں لائے جانے کی ترغیب دلاتا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایران کی گیس پائپ لائن کے پروجیکٹ کے بارے میں بھی کہا کہ گیس پائپ لائن کا یہ منصوبہ پاکستان کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔
انھوں نے اسی طرح اسلام آباد اور نئی دہلی کے تعلقات میں جاری کشیدگی کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس کے بارے میں کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اس اجلاس میں شرکت کے لئے چار مئی کو ہندوستان کے شہر گوا جائیں گے جہاں یہ اجلاس ہو رہا ہے۔