May ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیر خارجہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کےلئے ہندوستان پہنچ گئے

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کےلئے ہندوستان کے شہر گوا پہنچ گئے۔

سحرنیوز/پاکستان: بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے ہندوستان کے شہر گوا پہنچ گئے ہیں۔

ایک دہائی بعد کسی بھی پاکستانی اعلیٰ سیاسی شخصیت کا یہ پہلا دورۂ ہندوستان ہے۔ پاکستان کے نوجوان وزیر خارجہ نے گوا جاتے وقت ٹویٹ کیا تھا: میں گوا ہندوستان کے راستے میں ہوں، جہاں پر میں پاکستانی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے تنطیم کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کروں گا، اس اجلاس میں شرکت کرنے کا میرا یہ فیصلہ پاکستان کی جانب سے تنظیم کے چارٹر کی پیروری کے مضبوط ارادے کا اظہار ہے۔

 پاکستان نے پہلے ہی اس بات کا اعلان کر دیا ہے کہ بلاول بھٹو اپنے دورے کے دوران اپنے ہندوستانی ہم منصب سے ملاقات نہیں کریں گے جب کہ گردش کرتی افواہوں پر ردعمل دکھاتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ہندوستان کے دورے کو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات بہتری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیے، انہوں نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی سے ملاقات کی درخواست نہیں دی اور ان کے اس دورے کو صرف ایس سی او کے تناظر میں ہی دیکھا جائے۔

یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم آٹھ ملکی سیاسی اور سیکورٹی بلاک ہے جس میں روس اور چین بھی شامل ہیں۔ ایران اس تنظیم کا نیا رکن ملک ہے اور وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزارت خارجہ کی سطح پر باضابطہ طور پر پہلی مرتبہ شرکت کرے گا۔ اس سے قبل اُس نے تنظیم کے نئی دہلی میں ہوئے وزرائے دفاع  کے اجلاس میں اپنے وزیر کو بھیج کر شرکت کی تھی۔

ٹیگس