صدر پاکستان کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اہم ملاقات
صدر پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
سحر نیوز/پاکستان: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی وفاقی دارالحکومت کی پولیس لائنز کے گیسٹ ہاؤس میں بطور مہمان رکنے والے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملے، دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً تین گھنٹے تک گفتگو ہوتی رہی۔
ذرائع نے بتایا کہ صدر پاکستان نے ملاقات کے دوران عمران خان کو ان کی گرفتاری کے بعد ملک میں پرتشدد واقعات کے بارے میں آگاہ کیا جس پر چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عارف علوی نے عمران خان کو سینئر قائدین کی گرفتاری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں پی ٹی آئی کی آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان آج ہائیکورٹ میں کیسے پیش ہوں گے، اس بارے بھی ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی اور کسی بھی کیس میں آج گرفتاری سے بچنے کیلئے بھی پلان مرتب کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات میں سابق وفاقی وزیر شبلی فراز، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور عمران خان کی وکلاء ٹیم بھی موجود تھی۔
سپریم کورٹ نے گزشہ روز القادر ٹرسٹ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں آج جمعہ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے عمران خان کو رہا کر کے انہیں ایک رات کے لیے پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس میں بطور مہمان رکھنے کو کہا تھا۔