May ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کا پیرکو سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیر کو سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان کی رہائی پر عدالتی فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے دعوی کیا کہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہماری عدلیہ کہاں کھڑی ہے اور کس طرح وہ آئین و قانون سے ماورا فیصلے دے رہی ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرکے کہا کہ ہم 2-3 کا فیصلہ نہیں مانتے، سپریم کورٹ کے رویے کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، سپریم کورٹ کے باہر بہت بڑا دھرنا دیا جائے گا، آرام سے گھی نہیں نکلے گا تو انگلی ٹیڑھی کی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کسی نے ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی تو ڈنڈے اور مکے سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ آسمان سے اترے ہوئے نہیں ہماری طرح کے ہی ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کے دوران کسی نے توڑ پھوڑ کی تو اس کا مطلب ہے کہ پی ٹی آئی کے شرپسند ہماری صفوں میں موجود ہیں ۔

ٹیگس