May ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • خواجہ آصف: پی ٹی آئی پر پابندی کا جائزہ لیا جارہا ہے، ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون ہے: عمران خان

پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا جائزہ لیا جارہا ہے

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تو یہ پی ڈی ایم کا مشترکہ فیصلہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے کسی بھی فیصلے کے لئے پارلیمنٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

پاکستانی وزیردفاع نے کہا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے گھناؤنے مقاصد تھے، خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کا ہر حربہ ناکام ہوگیا ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ریاست کو چیلنج کیا ہے اور ریاست کی اساس کو نشانہ بنایا گیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نو مئی جیسے واقعات کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ان کا کہنا تھا کہ بقول ان کے عمران خان نے ایک جوا کھیلا تھا جو وہ ہار گئے اور اب وہ حیلے بہانے کرکے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں ۔

پاکستانی وزیردفاع نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ عمران خان کا آخری حربہ تھا اور یہ سب منصوبہ بند طریقے سے ہوا تھا۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون ہےاپنے ٹوئٹر پیج پر عمران خان نے لکھا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو ضمانت ملنے کے بعد پھر سے گرفتار کیا جارہا ہے اور پولیس کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ان کے دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اڈیالہ جیل سے رہا کئے جانے کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ۔

ٹیگس