May ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • عمران خان سمیت چھے سو سے زائد افراد کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل

نو مئی کے پرتشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں ملوث ہونے کے تناظر میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سمیت چھے سو سے زائد افراد کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کر دیے گئے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق ان افراد میں کئی سابق ارکان اسمبلی بھی شامل ہیں جبکہ حماد اظہر، قاسم سوری، ڈاکٹر یاسمین راشد، مراد سعید، ملیکہ بخاری اور اسد قیصر سمیت پاکستان تحریک انصاف کے کئی مرکزی رہنماؤں کے نام بھی اس نو فلائی لسٹ میں شامل ہیں۔

گذشتہ تین روز کے دوران پی ٹی آئی کے بعض عہدیداروں نے ملک سے باہر جانے کی کوشش کی جن کو ہوائی اڈوں پر روکا گیا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سفر سے روکنے کے لیے یہ نام پولیس ، سی ٹی ڈی اور خفیہ اداروں نے ارسال کیے۔ تمام ارکان کے نام ملک کے تمام ہوائی اڈوں اور ایگزٹ پوائنٹس پر فراہم کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی میڈیا  کا کہنا ہے کہ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد واقعات میں ملوث سولہ افراد کو فوج کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہےانسداد دہشت گردی کی عدالت کے اس حکم کے بعد جناح ہاؤس یا کورکمانڈر ہاؤس لاہور پر حملہ کرنے والوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی شروع ہوگئی ہے - جلاؤ گھراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ملٹری ایکٹ کے تحت کارروائی کے لئے کمانڈنگ افسر نے سولہ افراد کی حراست طلب کی جسے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے منظور کرتے ہوئے ان افراد کو فوج کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا جن افراد کو کمانڈنگ افسر کے حوالے کیا گیاہے ان میں پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی میاں اکرم عثمان بھی شامل ہیں ۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ان لوگوں پر آرمی ایکٹ انیس سو باون کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے

ٹیگس