عمران خان کے قریبی ساتھیوں نے بھی پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری، مسرت جمشید، جمشید چیمہ اور سینیٹر عبدالقادر نے بھی 9 مئی کے پرتشدد کے واقعات پر پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
سحر نیوز/پاکستان: اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مسرت جمشید اور جمشید چیمہ نے سیاست اور پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم میاں بیوی نظریاتی سیاسی لوگ ہیں اور کوشش کی کہ ہمیشہ جمہوریت کے لیے کام کریں، مگر فوج کے خلاف جو کام ہوا اور قیادت کو نشانہ بنایا گیا وہ کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے۔
جمشید چیمہ نے کہا 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہئے، جناح ہاؤس پر حملے نہیں بلکہ صرف احتجاج کا پلان تھا۔ سیاست کو چھوڑ رہے ہیں جو کہ ہمارے لیے آسان کام نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کی اطلاع آئی تو میں جناح ہاؤس کے سامنے پہنچا۔ 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملے کا منصوبہ کسی کا نہیں تھا، صرف احتجاج کا منصوبہ تھا، ہم بھی ہجوم کو کنٹرول نہ کرسکے اور پرامن احتجاج نہ ہوا۔
جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔
قبل ازیں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اعلان کرتی ہوں اور تمام پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دے رہی ہوں، بطور وکیل نظام انصاف کی بہتری کے لیے کام جاری رکھوں گی۔
دریں اثنا بلوچستان سے تحریک انصاف کے سینیٹر عبدالقادر نے بھی آج باضابطہ طور پر تحریک انصاف سے لاتعلقی کا اعلان کردیا، عبدالقادر بلوچستان سے 2021 میں آزاد حیثیت سے سنیٹر منتخب ہوئے تھے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عبدالقادر کا کہنا تھا کہ جناح ہاؤس، کورکمانڈر ہاؤس اور آرمی تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتا ہوں، میں تحریک انصاف کے بجائے آزاد حیثیت سے ایوان میں بیٹھوں گا۔
خیال رہے کہ ملیکہ بخاری ،جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔