Jun ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • امام خمینی امریکہ سمیت دنیا کی سامراجی طاقتوں کے سامنے ڈٹ گئے اور کہا کہ امریکہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا: اہلسنت و شیعہ علماء

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کی چونتیسویں برسی کی مناسبت سے پاکستان کے شہر راولپنڈی میں دنیا پر امام خمینی رح کے افکار و کردار کے اثرات کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام ایران کے خانہ فرہنگ نے کیا تھا۔ اس میں ایران کے سفارتی عہدے داروں کے علاوہ پاکستان کی بعض اہم سیاسی و دینی سخصیتوں نے بھی شرکت کی۔

پاکستان میں ایرانی سفارت خانے کے نائب سفیر نبی شیرازی، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، ناصر شیرازی اور بعض سیاسی و مذہبی شخصیات نے اپنے خطاب میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت کو دنیا میں جاوداں قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے رہنما میں یہ خصوصیت ہونی چاہیے کہ وہ دنیا کی سامراجی طاقتوں کے سامنے کھڑے ہونے کی جرات رکھتا ہو اور امام خمینی رح میں یہ خصوصیت موجود تھی کہ وہ امریکہ سمیت دنیا کی سامراجی طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو گئے اور کہا کہ امریکہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

پاکستان میں ایران کے نائب سفیر شیرازی نے اس موقع پر کہا کہ ایک ممتاز اسلامی دانشور کی حیثیت سے بانی انقلاب اسلامی کی شخصیت ہمیشہ دنیا کے حریت پسندوں اور آزاد سوچ رکھنے والوں کے لیے ایک آئیڈیل شخصیت رہی ہے اور ان کی بابرکت زندگی کے عظیم نتائج کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب نے بین الاقوامی نظام کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سلسلے میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و کردار نے دنیا میں اس نئے نظام کی تشکیل پر حیرت انگیز اثر ڈالا۔

پاکستان کے دیگر مقررین نے اس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ خدا پر ایمان اور اخلاص کے ساتھ عالمی سامراج کی دھمکیوں اور سازشوں کے سامنے ڈٹ گئے اور خطے میں اور دنیا کے انصاف پسندوں اور حریت پسندوں کے دلوں میں بڑے مورچے فتح کر لیے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ امام خمینی نے خدا پر ایمان اور اخلاص کے ساتھ عالمی استکبار کے تمام خطرات اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور علاقائی اور عالمی سطح پر آزادی و انصاف کے متلاشیوں کے دلوں میں عظیم قلعوں کو فتح کیا۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم بانی کی 34 ویں برسی 4 جون بروز اتوار منائی جائیگی اور امام خمینی (رح) کے مزار پر ہونے والے مرکزی اجتماع سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای خطاب کریں گے۔

ٹیگس