Jun ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
  • پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی سبھی شرائط کو تسلیم کر لیا

پاکستان نے معاہدے کے لئے بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی سبھی شرائط کو من و عن تسلیم کرلیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعے کو بجٹ کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے لئے اس کی تمام شرائط تسلیم کرلی گئی ہیں ۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ یہ بات کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ جب سے ہم نے حکومت سنبھالی ہے، ہمارا سب سے پہلا امتحان، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی بحالی کے تعلق سے تھا۔
انھوں نے ایک بار پھر عمران خان کی حکومت پر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کرکے اس کی خلاف ورزی اور اس کو سبوتاژ کرنے کا الزام لگایا۔
پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ انھوں نے معاہدے کی بحالی کے لئے دوبارہ آئی ایم ایف سے مذاکرات شروع کئے، اس کی تمام شرائط تسلیم کیں اور پیشگی اقدامات پر بھی پوری طرح عمل درآمد کیا۔
انھوں نے اپنی کابینہ کے اراکین کو بتایا کہ آئی ایم ایف کی، ایم ڈی نے ان کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو میں اطلاع دے دی ہے جس کے بعد اب معاہدے میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں بچی ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان کی موجودہ معاشی مشکلات کو سیاسی عدم استحکام کا نتیجہ بتایا اور کہا کہ کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معیشت سدھر سکتی ہے نہ ہی ترقی ہوسکتی ہے۔

ٹیگس