Jun ۱۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • ترجمان وزارت خارجہ پاکستان، ممتاز زہرہ بلوچ (فائل فوٹو)
    ترجمان وزارت خارجہ پاکستان، ممتاز زہرہ بلوچ (فائل فوٹو)

پاکستان نے ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کی بار بار ہونے والی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ ’ہندوستان کی قومی تحقیقاتی ایجنسی اور ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے متعدد کشمیری کارکنوں کی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کے لیے مبینہ طور پر جارحانہ اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے یہ کہتے ہوئے اظہار تشویش کیا کہ ایس آئی اے نے دوہزار اکیس میں اپنے قیام سے لے کر اب تک ایسی ایک سو چیبیس جائیدادیں ضبط کی ہیں۔ ممتاز بلوچ نے کہا کہ ہم حریت کانفرنس کے ترجمان اور تحریک حریت کے رہنما ایاز اکبر کی سری نگر میں جائیداد ضبط کرنے کے بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ کشمیری اپنی سرزمین کے حقیقی وارث ہیں، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ غیر کشمیریوں کو متنازع علاقے میں زمین اور جائیداد خریدنے کی ترغیب دی جا رہی ہے جبکہ کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط اور تباہ کی جا رہی ہیں۔

ٹیگس