Jun ۲۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • ہند امریکہ مشترکہ بیان پر پاکستان کا سخت ردعمل

پاکستان نے امریکہ اور ہندوستان کے مشترکہ بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے سفارتی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ہندوستان اور امریکہ کے مشترکہ بیان میں پاکستان سے متعلق مخصوص حوالے کو غیرضروری یکطرفہ اور گمراہ کن قرار دیا اور کہا کہ یہ بیان سفارتی اصولوں کے منافی ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو بار بار تسلیم کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح پاکستان اور دہشت گردی کے خلاف اس کی جنگ کے بارے میں کسی قسم کے الزامات لگانا بالکل غلط ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کو جدید فوجی ٹیکنالوجیوں کی منصوبہ بند منتقلی پر بھی پاکستان کو گہری تشویش ہے۔

واضح رہے کہ نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پر دونوں ملکوں نے مشترکہ بیان جاری کیا جس میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فی الفور کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس کے زیر اثر کوئی علاقہ دہشت گردانہ حملوں کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

ٹیگس