Jun ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کا پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری

9مئی کے واقعے کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کا پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کےد وران چوہدری عدنان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں ، میرے اوپر کوئی ایف آئی آر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو اصل دشمن کے عزائم کو تقویت ملی، جو لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں، ان کو سزا ملنی چاہیے۔

سابق ایم پی اے نے مزید کہا کہ 26 اپریل کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا تھا، ہم نے بہت سارے آفرز کو ٹھکرا کر مقصد کے تحت ایک رہنے کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر نے پارٹی عہدے اور بنیادی رکنیت چھوڑنے اور سیاست جاری رکھنے کا اعلان کیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد اکرم چیمہ نے پارٹی عہدے اور رکنیت سے استعفی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد دنیا کو آخر کیا پیغام دینا چاہ رہے تھے؟ نو مئی کو ٹارگٹ مسلح افواج تھی۔ کیپٹن کرنل شیر خان کے مجسمے کی بے حرمتی کی گئی۔

انجمن تاجرانِ چوک مرلہ کے صدر میاں ریاض وٹو نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ریاض وٹو کا پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چوہدری ناصر حمید اور سابق چیئرمین بلدیہ میاں اسلام جوئیہ نے بھی پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

این اے 124 سے پی ٹی آئی کے امیدوار وسیم اختر رامے نے بھی پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔

وسیم اختر رامے کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی سے جڑے رہنا ممکن نہیں۔

ٹیگس