Jul ۰۲, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ’’بائیکاٹ سویڈش برینڈز‘‘ ہیشٹیگ ٹاپ ٹرینڈ ہو گیا

سویڈن میں ہوئی حالیہ توہین قرآن کے خلاف پاکستان میں جاری احتجاج کے دوران بائیکاٹ سویڈش برینڈز ہیشٹیگ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں تبدیل ہو گیا۔

 سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق حال ہی میں تشکیل پانے والی سیاسی جماعت استحکام پاکستان کے صدر عبد العلیم خان کی سوشل میڈیا ٹیم نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ سویڈش برینڈز کا ہیشٹیگ استعمال کیا جو اب ملک میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

مذکورہ پیج پر پوسٹ کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ سویڈن کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں جنہوں نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا، آئیں مغرب کے خلاف احتجاج میں اپنا حصہ ڈالیں۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سویڈن حکومت کی اجازت کے ساتھ عید کے روز قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی دلخراش، قابلِ مذمت اور شرمناک ہے۔

واضح رہے کہ عید الاضحیٰ کے پہلے روز سویڈن کے دارالحکومت کی ایک مرکزی مسجد کے سامنے عراق سے تعلق رکھنے والے سینتیس سالہ پناہ گزین سلوان مومیکا نے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے حفاظتی حصار میں قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کی جسارت کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ سویڈن میں رونما ہونے والا اس نوعیت کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے اور اس سے قبل بھی بارہا وہاں پر آزادی اظہار رائے کی آڑ میں اسلامی مقدسات کی توہین کی جا چکی ہے۔

ٹیگس