Jul ۰۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • سویڈن واقعہ کے خلاف بطور احتجاج پاکستان میں یوم تقدیس قرآن منانے کا اعلان

حکومتِ پاکستان نے جمعہ سات جولائی کو یوم تقدیس قرآن منانےکا فیصلہ کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے منگل کے روز دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں جمعہ سات جولائی کو سوئیڈن میں ہوئی اہانتِ قرآن کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں اور پوری قوم سے احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ایک زبان ہو کر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانےکا بھی فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سوئیڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل بنایا جائے۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات و احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائےاور اجلاس میں مشترکہ قرار داد منظور کی جائے۔ انہوں نے مذہب، مقدس ہستیوں اور عقائد کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہنوں کو دنیا کے امن کیلئے خطرہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ 37 سالہ انتہا پسند سالوان مومیکا نے عید الاضحی کے پہلے دن قرآن مجید کو پھاڑ کر اسے آگ لگا دی ۔ اس کا دعویٰ تھا کہ وہ اپنے اس عمل سے اظہار رائے کی آزادی کی اہمیت اجاگر کرنا چاہتا تھا۔ گستاخ قرآن نے مزید کہا کہ یہ جمہوریت کا تقاضا ہے، اگر اُس سے یہ کہا جائے کہ تم یہ نہیں کرسکتے ہو تو یہ خطرناک ہوگا۔

سویڈن کے واقعہ کے خلاف عالم اسلام سراپا احتجاج ہے اور ایران نے سویڈن میں اپنے سفیر کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکے علاوہ ایران، اردن، امارات، کویت اور عراق نے سویڈن کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے اپنا سخت اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ٹیگس